اسلام آباد: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے وفد کا پاکستان کا دورہ، وفد نے راجا عبدالعزیز کی قیادت میں 4 سے 7 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دورے کے دوران وفد نے پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین ظہیر ایوب بیگ اور پاکستان جوہری توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم سے بھی ملاقات کی۔ جوہری سلامتی ریاست کی ذمہ داری ہے اور پاکستان نے اسے مضبوط بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، پاکستان جوہری سلامتی کو فروغ دینے کی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے۔
وفد نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کا دورہ کیا اور پاکستان کی جانب سے آئی اے ای اے کی سفارشات کے مطابق کئے جانے والے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف کی۔ دورہ آئی اے ای اے اور پاکستان نیوکلیئر سیکیورٹی کو آپریشن پروگرام کا ایک حصہ تھا، 2005 میں پاکستان میں جوہری سلامتی کے نظام کی تاثیر کو بڑھانے کے لئے باہمی اتفاق کیا گیا تھا۔
اس پروگرام کو 2011 میں بڑھایا گیا تھا تاکہ اضافی شعبوں کو بھی شامل کیا جاسکے، اس پروگرام کے تحت تمام سرگرمیاں پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر انتظام ہیں۔