ڈسٹرکٹ کورٹس کی حالت تکلیف دہ، بہتری کیلئے بہت کچھ کرنا ہے: نامزد چیف جسٹس

Last Updated On 08 December,2019 01:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کا کہنا ہے کہ بار اور بینچ کا تعلق کوئی نہیں بگاڑ سکتا، ڈسٹرکٹ کورٹس کی حالت دیکھ کر بے حد تکلیف ہوئی، بہتری کے لیے بہت کچھ کرنا ہے۔

سپریم کورٹ کے نامزد چیف جسٹس، جسٹس گلزار احمد نےعدالتوں اور وکلا کے مسائل پر افسوس کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ ججز چھوٹے چھوٹے کمروں میں بیٹھے ہیں، ایسے مسائل پہلے نہیں دیکھے تھے۔

جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ وکلا اور عدالتی مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا، انہیں حل کریں گے۔ نامزد چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ کبھی بھی وکیل یا جج کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں سے سمجھوتہ نہیں کیا، نئے آنے والے وکلاء کو مشورہ دیتا ہوں وہ محنت کریں اور اپنے مطالعے میں اضافہ کریں۔

ڈسٹرکٹ کورٹ کراچی کو بڑے چیلنجز در پیش ہیں اور میں ان تمام چیلنجز کو سمجھتا ہوں، یہاں کے مسائل کا حل نکالیں گے۔