پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے بی آر ٹی منصوبے کی ایف آئی اے سے تحقیقات کے عدالتی فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی تحقیقات سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ میں کیس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شمائل احمد بٹ کے مطابق سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے لیے کیس تیار کرلیا گیا ہے، کیس آئندہ ہفتے سپریم کورٹ میں جمع کیا جائے گا۔
سرکاری حکام کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت منصوبے سے متعلق نیب کی تحقیقاتی رپورٹ پر حکم امتناعی حاصل کرچکی ہے، تحقیقات کے لیے دوبارہ کیس نہیں کھولا جاسکتا۔
واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے گزشتہ دنوں بی آر ٹی سے متعلق کیس کی سماعت میں ایف آئی اے کو 45 دن میں منصوبے کی تحقیقات کا حکم دے رکھا ہے۔