پشاور: (دنیا نیوز) سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں نالائق حکمرانوں نے سرکس لگائی ہوئی ہے، عمران وزیراعظم کی کرسی پر حادثاتی طور پر بیٹھ گئے ہیں، 22 دسمبر کو اسلام آباد میں احتجاج کریں گے۔
پشاور میں جمعیت طلباء اسلام کے زیر اہتمام سٹوڈنٹ ٹیلنٹ ایکسپو کی تقریب سے خطاب میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا پاکستان تحریک انصاف نے تمام اداروں کو بے توقیر کیا، عجیب حکومت ہے کرتارپور تو راتوں رات مکمل کیا لیکن بی آر ٹی نہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ترقی ورلڈ بنک سے قرضے لے کر نہیں کی جاسکتی، مرغی پر بیٹھ کر انسان خلاء نہیں جاسکتے، عمران خان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کے عہدے کیلئے موزوں ہے، 22 کروڑعوام کو منزل تک پہنچانا عمران کے بس کی بات نہیں، اگر اس حکومت کوپانچ سال مل گئے تو مزید لوگ بے روزگار ہونگے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا بی آر ٹی منصوبہ لاکھوں لوگوں کیلئے عذاب بن چکا ہے، 350 نہیں حکومت صرف 50 ڈیموں کے نام بتائے، قوم کو لنگر خانوں کی نہیں کارخانوں کی ضرورت ہے، حکومت کیوں مشرف کو بچانے کیلئے سامنے آگئی، عمران خان کہتے تھے مہنگائی ہو تو سمجھ لیجیے کہ حکمران چور ہیں۔