پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں نئے بلدیاتی انتخابات کا بروقت انعقاد ناممکن ہوگیا، سٹی گورنمنٹ رولز اور حلقہ بندیوں میں مسلسل تاخیر ہونے لگی۔
خیبر پختونخوا حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بروقت ہونا ممکن نہیں رہا، نئے بلدیاتی انتخابات کیلئے ضم قبائلی اضلاع میں حلقہ بندیوں سمیت ایکٹ میں ترامیم کے باعث تاخیر ہو رہی ہے۔
گزشتہ بلدیاتی نظام کے خاتمے کے بعد الیکشن کمیشن 120 دن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے پابند ہیں، بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پرشہریوں نے بھی حکومت پرتنقید کیا۔
خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات بھی معاملے سے متعلق ابتداء ہی سے ایک ہی لفظ دہرائے جا رہے ہیں، صوبائی وزیر ہمیشہ کی طرح اس بار بھی الیکشن کے لیے ڈیڈ لائن نہ دے سکے۔ وزیر بلدیات شہرام رکئی نے کہا ٹیکنیکل مسائل کے حل کے بعد جلد الیکشن کریں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت کو بار بار ہدایت جاری کرنے کے بعد بھی حلقہ بندیوں کا تعین کے لیے رولز تاحال نہیں بنائے جاسکے۔