پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں لال مرچ کی قیمت سن کر شہریوں کے چہرے بھی لال ہوگئے، مارکیٹ میں قیمت فی کلو 340 روپے ہو گئی، مصالحہ فروش اور شہری حکومت پر برس پڑے
دنیا نیوز کے مطابق پشاورمیں اشیائے خورد ونوش کی قیمتیں ہیں کہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی ،مارکیٹ میں لال مرچ کی قیمت میں 40 روپے فی کلواضافے کے بعد قیمت 340 روپے تک پہنچ گئی
لال مرچ کی خریداری کے لیے مارکیٹ آنے والے شہریوں کے قیمت سن کر چہرے ہی لال ہو گئے، کہتے ہیں کہ سالن میں لال مرچ نہ ہو تو ذائقہ ہی نہیں ہوتا لیکن قیمتوں میں اضافے کے باعث استعمال ہی چھوڑ دینگے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ افغانستان سے درآمد پر ٹیکسز میں اضافے کے باعث لال مرچ کا کاروبار بند ہو گیا ہے جسکی وجہ سے مارکیٹ میں سرخ مرچ میں کمی آئی ہے۔
مصالحہ جات کے کاروبار سے وابستہ افراد بھی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان ہیں، کہتے ہیں کہ لال مرچ کو اب مصالحہ جات میں استعمال ہی نہیں کرسکتے۔
لال مرچ خیبر پختوںخوا سے ملک دیگر حصوں کو بھی سپلا ئی کی جاتی ہے،تاہم مارکیٹ میں کمی کے باعث دیگر صوبوں کی ترسیل بھی متاثر ہو رہی ہے۔