پشاور: (دنیا نیوز) پشاور پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، افغانستان سے تعلق رکھنے والی مبینہ خاتون دہشت گرد کو بارودی مواد سمیت گرفتار کرلیا۔
پشاور پولیس نے دہشت گردوں کے اہم نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا، پشاور اور لاہور میں دہشت گردی کے ممکنہ منصوبوں کو ناکام بناتے ہوئے مبینہ خاتون دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس پی سٹی محمد شعیب کا میڈیا کو تفصیلات میں کہنا تھا کہ خاتون دہشت گرد کو پشاور جنرل بس سٹینڈ سے گرفتار کیا گیا، خاتون لاہور جا رہی تھی جہاں ممکنہ طور پر پبلک مقام کو نشانہ بنایا جانا تھا، لاہور کی ٹکٹیں بھی برآمد ہوئیں۔
پولیس حکام کے مطابق خاتون کی گرفتاری کے بعد نشاندہی پر مزید 4 ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا، گروہ کا تعلق افغانستان سے ہے، کارروائی میں بڑی مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بالخصوص پشاور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہونے کے باعث مبینہ دہشت گردوں کو کارروائی کا موقع نہ ملا۔