پشاور میں نجی ایئر لائن کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی

Last Updated On 10 December,2019 09:33 pm

پشاور: (دنیا نیوز) کراچی سے پشاور پہنچنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔ پرواز ای آر 550 کی لینڈنگ سے پہلے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔

پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے طیارے کے دائیں انجن کو نقصان پہنچا تاہم کپتان نے انتہائی مہارت سے طیارے کو بحفاظت لینڈ کرا لیا۔ پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔

پشاورسے کراچی آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز ای آر 551 منسوخ کر دی گئی ہے۔ پرواز ٹھیک ہوتے کل کراچی کے لیے روانہ کر دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن انتظامیہ کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو متعدد بار پشاور ایئرپورٹ کے اطراف گندگی سے آگاہ کیا جا چکا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کچرا نہ اٹھانے کے باعث پشاور ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 6 واقعات رونما ہو چکے ہیں۔