اسلام آباد: (دنیا نیوز) پولیس گروپ گریڈ بیس کے افسر وقار احمد چوہان کی خدمات ایف آئی اے جبکہ ان لینڈ ریونیو کے احسن رضا چودھری کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
سٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق وقار چوہان کو ایف آئی اے میں اہم ذمہ داری سونپی جائے گی۔ وقار احمد چوہان اسلام آباد پولیس میں ڈی آئی جی سیکیورٹی کے طور پر فرائض سر انجام دے رہے تھے۔
حکومت نے ان لینڈ ریونیو گریڈ 20 کے احسن رضا چودھری کی خدمات ڈیپوٹیشن پر پنجاب حکومت کے سپرد کر دی ہیں۔ سیکرٹریٹ گروپ گریڈ 19 کی شازیہ طور جوائنٹ سیکرٹری خزانہ اور کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ گریڈ 18 کے محمد حسن شفقات کو ڈپٹی سیکریٹری وزارت مواصلات تعینات کر دیا گیا ہے۔
گریڈ 18 کے ناصر محمود بشیر کو گریڈ 19 میں ترقی دے دی گئی ہے، وہ پنجاب میں ہی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔ او ایم جی گریڈ 18 کی سروش فاطمہ کی او ایس ڈی بنا کر تین برس کی رخصت منظور کر لی گئی ہے۔