اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے افغانستان اور ایران کی سرحدوں پر بارڈر مارکیٹس قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم نے بارڈر مارکیٹ کے قیام کیلئے وزارت تجارت کو ٹاسک دے دیا۔
ذرائع کے مطابق بارڈرز مارکیٹس سے مقامی آبادی کو تجارتی سہولیات میسر آسکیں گی، افغانستان اور ایران کی حکومتوں کے ساتھ بارڈ مارکیٹس کا معاملہ اٹھایا جائے گا، دونوں ممالک کی سرحدوں کے آر پار مخصوص مقامات پر بارڈر مارکیٹس قائم کی جائیں گی، سرحدوں پر باڑ اور سمگلنگ کی وجہ سے تجارت متاثر ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخواہ حکومت بارڈر مارکیٹس کے مقامات کی نشاندہی کریں گی، بارڈر مارکیٹس کے لیے سیکیورٹی اداروں، کسٹمز اور نادرا کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے، وزیر اعظم نے بارڈر مارکیٹس کو جلد سے جلد قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔