لاہور: (دنیا نیوز) معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا وجود ختم نہیں ہوا، یہ بڑی پارٹیاں ہیں سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور پنجاب میں بھی ن لیگ کی بہت سی نشستیں ہیں لیکن اس وقت جو قومی معاملات چل رہے ہیں، ان میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی اہم نہیں رہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان عائشہ ناز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ایاز امیر نے کہا کہ ن لیگ اپنی مرہم پٹی کر رہی ہے اور جو ریلیف ان کو مل رہا ہے، اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ مریم نواز کی طرف سے مکمل خاموشی جبکہ بلاول کے چنگھاڑنے کا بھی کوئی اثر نہیں ہے۔ مریم چپ ہیں اور بلاول بول رہے ہیں، ان کا ہماری سیاست پر کوئی اثر نہیں ہے۔
گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر روزنامہ دنیا سلمان غنی نے کہا ہے کہ ن لیگ نے مریم نواز کو بیان دینے سے روکا ہوا ہے جس طرح کے حالات ہیں، اگر ان حالات میں اپوزیشن کو ایک دھارے میں رکھا ہوا ہے تو پاکستان کی حکومت نے رکھا ہوا ہے، اگر حکومت ڈلیور کرتی تو عوام مڑ کر بھی اپوزیشن کی طرف نہ دیکھتے، اس وقت بہت سے مسائل ہیں جن میں غربت، مہنگائی اور بیروز گاری ہے، اس وقت نواز شریف جس صورتحال سے دوچار ہیں، اس کے بھی اثرات ہیں لیکن کیا اس سے ن لیگ کی مقبولیت ختم ہو رہی ہے میں یہ ماننے کیلئے تیار نہیں ہوں۔ اس حکومت کو آئے 15 ماہ گزر چکے ہیں، حکومت آنے سے لوگوں کے حالات مزید خراب ہوئے ہیں جب آئی ایم ایف کی ٹیم پر انحصار کیا جائے گا تو وہ ٹیم تو اپنے ادارے کاخیال رکھے گی۔ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینی تھیں، 50 لاکھ گھر دینے تھے الٹا 20 لاکھ لوگ فارغ ہو گئے۔
تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ مریم نواز کو بیان بازی نہیں کرنی چاہئے، ان کے والد کی صحت خراب ہے اور وہ ان کی تیمارداری کیلئے باہر جانا چاہتی ہیں، اگر وہ بیان بازیاں کریں گی تو ان کا بیرون ملک جانے کا کیس خراب ہو جائے گا، اس وقت جو حالات ہیں ان میں مریم نواز کو بیان بازی نہیں کرنی چاہئے، ان کے والد کی صحت خراب ہے اور وہ ان کی تیمارداری کیلئے باہر جانا چاہتی ہیں، اگر وہ بیان بازیاں کریں گی تو ان کا بیرون ملک جانے کا کیس خراب ہو جائے گا، بلاول کی بیان بازی سے بھی کوئی خاص اثر اس لئے نہیں پڑے گا کہ وہ ابھی تک کوئی پلان دینے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔
تجزیہ کار و اسلام آ باد کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا کہ حکومت صاف کہہ چکی ہے کہ وہ مریم کو باہر جانے کی اجازت نہیں دے گی، اطلاعات ہیں کہ مریم نواز نے ابھی تک درخواست ہی نہیں دی، انہیں پارٹی کی جانب سے منع کیا گیا کہ وہ کوئی بیان نہ دیں، عدالت ان کیخلاف فیصلہ دے چکی ہے، شہباز شریف نے اس وقت پارٹی کو اپنے پروں میں لے رکھا ہے، پارٹی میں انکے فیصلوں کو مانا جا رہا ہے، جب تک بلاول اپنے والد اور پھوپھی کا نظریہ آگے بڑھائیں گے، ان کی بات کی کوئی وقعت نہیں ہو گی۔