اسلام آباد: (دنیا نیوز) سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین جنرل عاصم باجوہ نے وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ خسرو بختیار سے ملاقات کی جس میں سی پیک کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت غذائی تحفظ کے اعلامیے کے مطابق عاصم باجوہ نے کہا کہ زرعی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے بھرپور تعاون کے لئے تیار ہیں۔ وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق خسرو بختیار نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں تمام پہلوؤں پر دونوں ممالک نے سی پیک کے تحت مکمل منصوبہ بندی کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان جانوروں میں منہ کھر کی بیماری سے پاک علاقوں کے قیام پر دونوں ممالک نے ایک مفاہمت کی یادداشت پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی کو چین اور پاکستان کے زرعی تعاون میں پیشرفت اور مستقبل میں ہونے والے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔