بھارت میں نسلی بالادستی کا نظریہ سر اٹھا رہا ہے: وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 19 December,2019 10:05 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ بھارت میں نسلی بالادستی کا نظریہ سر اٹھا رہا ہے، بھارتی دانشور خشونت سنگھ نے جو پیش گوئی کی تھی مودی سرکار آج اسی راہ پر گامزن ہے۔

وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں بھارتی دانشور خشونت سنگھ کی کتاب  دی اینڈ آف انڈیا  کے اقتباس کا حوالہ دیا اور ٹویٹ کیا ہے کہ بھارت میں ہندو بالادستی کے حوالے سے خشونت سنگھ نے پیشگوئی کی تھی، انہوں نے بھارت میں نسلی بالادستی کا نظریہ زور پکڑتے دیکھ لیا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ خشونت سنگھ نے اپنی کتاب میں لکھا کہ ہر فاشسٹ دور کو مختلف گروپس یا دھڑوں کی ضرورت ہوتی ہے، جو نفرت و خوف کی وجہ سے تحریک پیدا کرتے ہیں۔

خشونت سنگھ کے مطابق مسلم یا مسیحی نہ ہونے پر خود کومحفوظ سمجھنے والے بھارتی احمقوں کی جنت میں ہیں، نسلی تعصب کی طرف بڑھتے بھارت میں کوئی محفوظ نہیں، کل بھارت میں متعصب طبقہ سکرٹ پہننے والی عورت، گوشت کھانے پر لوگوں کو نشانہ بنائے گا، شراب نوشی، غیر ملکی فلموں، مذہبی مقامات کی زیارات پر پابندیاں لگائی جائیں گی۔

بھارتی دانشور نے تحریر کیا تھا کہ اگر ہم بھارت کو زندہ دیکھنا چاہتے ہیں تو اس بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔
 

Advertisement