مشرف کی سزائے موت کیخلاف ملک بھر میں تیسرے روز بھی احتجاجی ریلیاں

Last Updated On 20 December,2019 02:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پرویز مشرف کی سزائے موت کے خلاف ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں تیسرے روز بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

گوجرانوالہ میں پرویز مشرف کی سزا کے خلاف وکلا اور شہریوں نے احتجاج کیا، شرکا ریلی نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ بہاولپور میں آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں نے ریلی نکالی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع کرنے والا غدار کیسے ہوسکتا ہے۔

کشمور میں بھی شہری سراپا احتجاج بنے رہے، مظاہرین نے گیٹ نمبر 3 کے سامنے شدید احتجاج کیا۔ کندھ کوٹ میں قومی امن کمیٹی کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ شرکاء نے پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

شگر میں سابق فوجیوں اور سول سوسائٹی نے عدالتی فیصلے پر احتجاج کیا، احتجاجی مظاہرین نے ٹائر جلا کر شاہراہ کے ٹو بلاک کر دی۔ ڈیرہ بگٹی میں بھی شہریوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور ٹائر جلا کر سوئی روڈ بلاک کر دیا۔ اس موقع پر شہریوں نے شدید نعرے بازی کی۔

سکھر کے شہری بھی پرویز مشرف کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے ہاتھوں میں زنجیریں باندھ کر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔ لاڑکانہ میں پاکستان سنی تحریک نے ریلی نکالی، شرکا ریلی کا کہنا تھا کہ فیصلہ غیر آئینی اور غیر شرعی ہے۔

صادق آباد میں مشرف لورز ایسوسی ایشن نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔