اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ریاستی اداروں کے بھرپور دفاع کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو استحکام کی پٹری سے ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر بابر اعوان کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کے درمیان سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کیس کے فیصلے، ملکی سیاسی صورتحال، قانونی امور پر تبادلہ خیال اور عوام کے حق میں لاء ریفارمز اور فوری قانون سازی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے ریاستی اداروں کے بھرپور دفاع کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کواستحکام کی پٹری سے ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، ریاست ادارے بناتے ہیں، حکومت کا کام ریاستی اداروں کو مضبوط بنانا ہے۔ملک میں معاشی استحکام کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بحرانوں میں قوم کی درست رہنمائی کی، حکومت قانون سازی کے ذریعے عوام کو سہولتیں دے گی۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے پارلیمانی پارٹی بلوچستان کے وفد کی معاون خصوصی سردار یار محمد رند کی قیادت میں ملاقات ہوئی۔ وفد میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان، ممبر قومی اسمبلی میر محمد خان جمالی، ممبر قومی اسمبلی منورہ منیر، ممبران صوبائی اسمبلی میر نعمت اللہ، سردار بابر موسی خیل، زاہدہ بی بی، عمر جمالی، نصیب اللہ خان اور محمد مبین خان خلجی شامل تھے
ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق بھی موجود تھے، ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی امور اور عوام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔ وفد نے وزیراعظم کو اپنے اپنے حلقہ انتخاب سے متلعقہ امور پر بریف کیا۔
وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا اورصوبے میں سماجی و معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے ضمن میں صوبائی حکومت کی ہر ممکنہ طریقے سے معاونت کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ معاشی استحکام کے بعد حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ صنعتی عمل تیز ہو اور نوجوانوں کو نوکریوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشی عمل کے استحکام اور تیزی سے بلوچستان کے نوجوانوں کو مستفید ہونے کے بھی بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنر فراہم کرنے پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے سماجی تحفظ کے جامع پروگرام “احساس” پروگرام اور صحت انصاف کارڈ کی بدولت بلوچستان کی عوام خصوصا غربت سے متاثرہ خاندانوں کو سہولت میسر آئے گی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے منتخب اراکین کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے اور انکے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔