اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران نے ہائیڈرو پاور منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ اور سستی بجلی کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ متعلقہ وزارتیں ہائیڈرو پاور منصوبوں سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم کے زیر صدرات اہم ہائیڈرو پاور منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ان منصوبوں کے قیام میں پیشرفت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانا اور سستی بجلی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آبی وسائل کا موثر استعمال زراعت اور ملکی معیشت کی ترقی کیلئے کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ سستی بجلی سے توانائی قلت پوری اور ملکی صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔ صنعت کو فروغ ملنے سے ملکی پیداوار کی بین الاقوامی سطح پر مقابلے کی صلاحیت بڑھے گی۔
وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہائیڈرو پاورمنصوبوں سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے پر توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان منصوبوں پر بلا تعطل عمل کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تکمیل کے سلسلے میں ہر ممکنہ معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ فیز ٹو 2025ء میں شروع ہو کر 2027ء تک مکمل کیا جائے گا۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 2160 میگا واٹ بجلی میسر آئے گی۔
اس کے علاوہ دیامیر بھاشا ڈیم 2020ء سے شروع اور 2027ء تک مکمل کیا جائے۔ دیامیر بھاشا ڈیم 8.1 ملین ایکٹر فٹ پانی ذخیرہ 4500 میگا واٹ بجلی پیدا ہو سکے گی۔
ان منصوبوں سے 9620 میگا واٹ توانائی کی اضافی صلاحیت میسر آئے گی۔ پانی کے وسائل کو ذخیرہ کرنے کی 11.3 ملین ایکڑ فٹ صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ منصوبوں سے 23 ارب سے زائد کی رقم سماجی ترقی کیلئے خرچ اور 23 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔