لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری جاری، شمالی وزیرستان اور بارکھان میں بارش، مری اور کوئٹہ میں بھی برفباری نے رنگ جما دیا۔
تفصیل کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔ ادھر پہاڑی علاقوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں قصور، چشتیاں، ہارون آباد، خانپور، شانگلہ ہل، پیر محل، چونیاں، پاکپتن، بورے والا، خانیوال اور بھکر میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
ادھر پہاڑی علاقوں میں برفباری نے سب کو اپنی جانب کھینچ لیا ہے۔ مری اور گلیات میں سیاحوں کا تانتا بندھ گیا۔ ویک اینڈ پر پینتالیس ہزار چار سو پچپن گاڑیاں شہر میں داخل ہوئیں۔ کوئٹہ، زیارت اور قلعہ سیف اللہ میں برفباری روئی کے گالوں نے سیاحوں کا مزہ دوبالا کر دیا۔