اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزارت داخلہ نے مشرق وسطی کی صورتحال کے پیش نظر ملک میں موجود امریکی اور ایرانی باشندوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی، صوبائی حکومتوں کو مؤثر حفاظتی اقدامات اٹھانے کا حکم دیا گیا ہے۔
ایرانی جنرل کی ہلاکت، مشرق وسطی کی بدلتی صورتحال، وزارت داخلہ نے امریکی اور ایرانی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کے احکامات جاری کر دیئے۔ اس حوالے سے صوبائی حکومتوں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو حفاظتی انتظامات ہر صورت ممکن بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خصوصا ملک بھر میں قائم امریکی اور ایرانی قونصلیٹس، متعلقہ دفاتر اور سفارت کاروں کی رہائش گاہوں اور ملحقہ شاہراہوں کی سخت نگرانی کا حکم دیا گیا ہے۔