ایران کا جوہری معاہدے سے دستبرداری کا اعلان

Last Updated On 06 January,2020 09:38 am

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا، حکام کا کہنا ہے کہ یورینیم افزودگی کی صلاحیت اور مقدار کی حدود کی مزید پاسداری نہیں کی جائے گی تاہم اقوام متحدہ کی نگراں ایجنسی آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔

جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کے بعد ایران نے جوہری معاہدے کے تحت عائد کردہ شقوں پر عملدرآمد ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کے تحت ایران پر معاشی پابندیوں کو ختم کیا جانا تھا جن پر عمل نہیں کیا گیا۔

ایرانی حکام کے مطابق افزودہ یورینیم کے ذخیرے، تحقیق اور پیداوار پر عائد حدود کی پاسداری نہیں کی جائیگی، تکنیکی ضروریات پوری کرنے کے لیے یورینیم کی افزودگی جاری رہے گی۔ اقوام متحدہ کی نگراں ایجنسی آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ایک بارمعاہدے کے ثمرات سے فائدہ حاصل کرنے کے بعد اپنی ذمے داری پوری کرنے کو تیار ہیں۔

واضح رہے کہ ایران 2015 کے جوہری معاہدے کے تحت حساس جوہری سرگرمیاں محدود کرنے پر رضامند ہوا تھا۔