جنرل قاسم سلیمانی کا جسدِ خاکی ایران پہنچا دیا گیا، ہزاروں افراد سڑکوں پر آ گئے

Last Updated On 05 January,2020 06:56 pm

تہران: (دنیا نیوز) بغداد میں امریکی حملے میں جاں بحق ہونے والے جنرل قاسم سلیمانی کا جسدِ خاکی ایران پہنچا دیا گیا۔ ایرانی جنرل کی میت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہزاروں افراد سڑکوں پر آگئے۔

جنرل سلیمانی کی میت ایران پہنچ گئی، ایرانی جنرل کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہزاروں افراد سڑکوں پر آ گئے جو آنسو بہا کر پرسہ پیش کرتے رہے۔

جنرل قاسم سلیمانی کی میت ایران پہنچا دی گئی، شہر اہواز میں ہزاروں کی تعداد میں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ سڑکوں پر موجود لوگوں نے امریکا کے خلاف نعرے لگائے، جلوس میں شریک افراد نے بڑے بڑے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔

ایرانی جنرل کی میت کو شہر اہواز سے مشہد اور پھر تہران لے جایا جائے گا، ایرانی جنرل کی تدفین منگل کے روز آبائی شہر کرمان میں کی جائے گی جس کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔