کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خٓلد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت نے ہمارے مطالبات پر سنجیدگی دکھائی ہے۔ ایم کیو ایم نے جو وعدے کیے وہ پورے کر دیئے۔ کراچی ستر سال سے کمٹمنٹ پوری کر رہا ہے، شہر کے مسائل بھی حل کیے جائیں۔
کراچی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تسلیم کرتے ہیں ملک میں مہنگائی ہے لیکن موجودہ حکومت کو خراب معاشی صورتحال ملی، سب سے پہلے ملک میں مہنگائی کو کم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقے انصاف کے متقاضی ہیں، لڑائی کیے بغیر جو مقدمہ لڑ رہے ہیں وہ جیتیں گے۔ تمام شہریوں کو برابر کا شہری سمجھے بغیر منزل تک پہنچنا مشکل ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی شہر ملک کا دماغ اور چہرہ ہے۔ اس کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی ناممکن ہے۔ شہر کو امن کے ساتھ حقوق دلوانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اپنی سیاست کے نئے دورمیں داخل ہو رہا ہے۔ حقوق کی جدوجہد سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ صحت مند ماحول، صحت مند ذہن کی پرورش کرتا ہے۔ کراچی کے امن سے پورے پاکستان کا امن آباد ہے۔
اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ مخالفین ہمارے خلاف پروپگینڈا کر رہے ہیں۔ ہماری جماعت میں تقسیم کا خواب دیکھنے والے یہ خواب دیکھتے رہ جائیں گے۔
عامر خان نے کہا کہ ایم کیو ایم پر بڑے الزامات لگتے رہے لیکن ہماری جماعت ہی اس شہر کو بنا سکتی ہے۔ شہر قائد میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کرکے شہر کی رونقیں بحال کرکے دکھائیں گے۔