بالائی علاقوں میں ایک بار پھر بادلوں نے ڈیرے ڈالنے شروع کر دیے

Last Updated On 20 January,2020 10:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختو نخوا، بالائی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

سوات میں شدید برف باری سے اتروڑ روڈ 2 ہفتے کے بعد بھی بند ہے۔ متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع جبکہ 37 کلومیٹر طویل سڑک بند ہونے سے مشکلات کا سامنا بھی ہے۔ علاقہ مکین انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سکردو سرد ترین مقام رہا جہاں پارہ ریکارڈ منفی 20 ڈگری تک گر گیا۔ استور میں منفی 16، گوپس میں منفی 13، کالام اور پارا چنار میں منفی 10 درجے سردی پڑی۔

بلوچستان کے بیشتر علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ قلات منفی 5 اور کوئٹہ میں مائنس 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد میں مطلع ابر آلود اور بارش کی توقع ہے۔

بلوچستان کے مغربی اضلاع، بالائی خیبر پختو نخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں بارش اور برف باری ہو سکتی ہے۔ بالائی اور وسطی پنجاب میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند چھانے کی پیشگوئی ہے۔