لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل خوب گرجے برسے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ کراچی میں رم جھم نے خنکی بڑھا دی۔ جیکب آباد، سکھر سمیت سندھ میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی بارش کی جھڑی کل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی جبکہ پہاڑوں پر مزید برفباری کا بھی امکان ہے۔
کہیں بوندا باندی تو کہیں تیز بارش، جنوری ٹھنڈا ٹھار ہو گیا۔ لاہور میں صبح کے وقت کالی بدلیاں چھائیں اور پھر چھما چھم برسات ہوئی۔ گڑھی شاہو، دھرم پورہ، ایئر پورٹ، گلبرگ، فیروز پور روڈ ، جوہر ٹاؤن سمیت شہر کے مختلف حصوں میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔
فیصل آباد، قصور، چکوال، ننکانہ صاحب، شکر گڑھ، سرگودھا، جھنگ، خانیوال، ہارون آباد، رحیم یار خان، خان پور، اوچ شریف سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں ابر کرم خوب برسا جس سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی۔
کراچی میں بھی بوندا باندی سے سردی بڑھ گئی۔ جیکب آباد، سکھر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ بلوچستان کے چاغی سمیت مختلف مقامات پر بارش سے ندی نالے بپھرے پڑے ہیں جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے۔ کوئٹہ میں تیز بارش، پہاڑوں پر برفباری سے موسم یخ بستہ ہو گیا۔
موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں بارش کی جھڑی کل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی جبکہ پہاڑوں پر مزید برفباری کا بھی امکان ہے۔