مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کی درخواست پر سماعت فروری کے پہلے ہفتے تک ملتوی

Last Updated On 21 January,2020 03:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہورہائیکورٹ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کی درخواست پر سماعت فروری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ میں مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی اور ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواستوں پر سماعت جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی، ،مریم نواز کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ موقف سنے بغیر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔ عدالتوں میں ڈیڑھ سال تک مسلسل پیش ہوتی رہی ہوں، والد کی دیکھ بھال کے لئے بیرون ملک جانا چاہتی ہوں، 6 ہفتوں کے لئے 1 بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

نیب کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ مریم نواز کے خاندان کے ارکان اپنے خلاف ریفرنس میں مفرور ہیں، مریم نواز کے خلاف اپیل پر کارروائی آئندہ ماہ سے شروع ہو رہی ہے، اپیل کی سماعت کے دوران مریم کا عدالت موجود ہونا قانونی طور پر ضروری ہے۔

مریم نواز کے وکلا کی جانب سے تیاری کے لیے مزید وقت مانگنے پر عدالت نے سماعت فروری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔