اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے اعتراف کیا ہے کہ رواں سال حج کے سرکاری اخراجات میں ایک لاکھ 15 ہزار روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ایک لاکھ 79 ہزار پاکستانی شہری فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
تفصیل کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں رواں سال سرکاری حج 1 لاکھ 15 ہزار روپے مہنگا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیر مذہبی امور نے اجلاس میں شرکت نہیں کی جس پر سینیٹر سراج الحق سمیت دیگر ارکان نے احتجاج کیا۔
سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے کمیٹی کو بتایا کہ رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ حج پیکج میں 1 لاکھ 15 ہزار کا اضافہ کیا گیا ہے۔
نارتھ ریجن کا حج پیکج 5 لاکھ 50 ہزار جبکہ ساؤتھ ریجن کا حج پیکج 5 لاکھ 45 ہزار روپے ہوگا۔
حج اخراجات میں اضافہ روپے کی قدر میں کمی اور ائیر لائنز کے کرایوں میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
چئیرمین کمیٹی سینیٹر عبدالغفورحیدری نےکہا کہ وزیر مذہبی امور آئندہ اجلاس میں شرکت یقینی بنائیں جس کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔