اسلام آباد: (دنیا نیوز) اتحادی جماعتوں کے ساتھ مسلسل رابطوں اور ان کے تحفظات کے بہتر حل کیلئے وزیراعظم عمران خان نے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے ساتھ رابطوں کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے کنوینئر ہوں گے اسد عمر جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل، فردوس شمیم نقوی اور حلیم عادل شیخ بھی اس میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ (ق) کے ساتھ رابطوں کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ گورنر پنجاب چودھری سرور کو اس کمیٹی کا کنوینئر مقرر کیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور شفقت محمود کمیٹی میں شامل ہیں۔
بی این پی، بلوچستان عوامی پارٹی اور جمہوری وطن پارٹی کے لیے بھی حکومتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ پرویز خٹک کمیٹی کنوینئر مقرر کیے گئے ہیں جبکہ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری اور میر خان محمد جمالی کمیٹی میں شامل ہیں۔
کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں ہوا۔ حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان رابطوں کے تسلسل کے لیے کمیٹیاں تشکیل کی گئیں۔ پرویز خٹک تمام کمیٹیوں کے چئیرمین ہوں گے۔