سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری، ضلع جموں میں 3 نوجوانوں کو بھارتی فوج نے شہید، 2 کو گرفتار کر لیا، مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن کو 6 ماہ مکمل ہو گئے۔ جنت نظیر وادی بے بسی کی تصویر بنی ہوئی ہے جبکہ عالمی برادری نے چپ سادھ رکھی ہے۔
بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی سے باز نہ آئی، غاصب فوج نے نوجوانوں کو جموں سری نگر ہائی وے پر شہید کیا۔ ضلع جموں کے علاقے میں نگروتا کے ٹال پلازہ پر بھارتی فوج نے ظالمانہ کارروائی کی، جموں سری نگر ہائی وے ٹریفک کے لیے بند کر دی جبکہ دو افراد کو گرفتار بھی کر لیا۔ علاقے میں بھارتی فوج کے درندے گشت کرتے رہے۔
مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو 6 ماہ مکمل ہو گئے ہیں، مسلسل لاک ڈاؤن کے باعث حالات انتہائی خراب، بھارتی فوجی کشمیریوں پر مظالم ڈھاتے خود ذہنی مریض بن گئے۔ سری نگر میں اہلکار نے سرکاری بندوق سے خود کشی کر لی۔