اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ملائیشیا روانہ ہوگا۔ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات 4 فروری کو ہوں گے۔ دورے میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق عمران خان کی ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ون آن ون ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم ملائیشیا کے انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل سٹڈیز کے زیر اہتمام ایک تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات اور سٹریٹجک شراکت داری کو مزید تقویت دینے کی علامت ہے۔ اگست 2018ء میں وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد یہ وزیراعظم عمران خان کا ملائیشیا کا دوسرا دورہ ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے نومبر 2018ء میں ملائشیا کا دورہ کیا تھا جبکہ ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے گزشتہ برس مارچ 2019ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
دونوں وزرائے اعظم نے ستمبر 2019ء میں نیویارک میں اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر بھی ملاقات کی تھی۔ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے مطابق حالیہ برسوں میں دو طرفہ تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں۔
دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، دفاع، تعلیم اور مختلف بین الاقوامی فورموں میں قریبی تعاون کا آغاز ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اپنے دورے میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں گے جبکہ علاقائی امن واستحکام کے لیے خطرات کو روکنے کی اہمیت پر بھی زور دیں گے۔