شاہد خاقان عباسی و دیگر کیخلاف بدعنوانی کا نیا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

Last Updated On 12 February,2020 03:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب نے شاہد خاقان عباسی و دیگر کے خلاف بدعنوانی کا نیا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں بدعنوانی کے تین ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔ نیب اعلامیے میں کہا گیا کہ شاہد خاقان پر سابق ایم ڈی پی ایس او کی تقرری کا الزام ہے، سابق ایم ڈی پی ایس او اور ڈی ایم ڈی پی ایس او کی تقرری سے خزانے کو 138 ملین سے زائد کا نقصان پہنچا۔

 سابق سینئر رکن ریونیو بورڈ حکومت سندھ و دیگر کیخلاف بھی ریفرنس کی منظور دی گئی، غلام علی پاشا، عبدالسبحان و دیگر پر غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے، ملزمان نے کرپشن سے خزانے کو 120 ملین کا نقصان پہنچایا۔ سابق سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ و دیگر کیخلاف بھی ریفرنس منظور کیا گیا، غیر قانونی الاٹمنٹ، ملزمان پر خزانے کو 4 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

نیب اجلاس میں 2 انویسٹی گیشنز کی بھی منظوری جبکہ عدم شواہد پر رحمان میڈیکل کالج پشاور اور دیگر کیخلاف انکوائری بند کر دی گئی۔ وزارت نجکاری، پی ٹی سی ایل افسران و دیگر کیخلاف انکوائری حکومت کو ریفر کر دی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت قانون کے مطابق کیس دیکھ کر اپنی رائے دے، حکومتی رائے کی روشنی میں معاملے کی منظوری دیں گے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، نیب احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔

Advertisement