اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 جنوری تک توسیع کر دی۔
احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ایل این جی ریفرنس پر سماعت کی۔ شاہد خاقان عباسی جوڈیشل حراست سے جبکہ مفتاح اسماعیل، شیخ عمران الحق، چیئر پرسن اوگرا عظمی عادل سمیت تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ مفتاح اسماعیل سمیت 3 ملزمان نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کر کے 13 جنوری تک جواب طلب کرلیا۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں خامیوں کے معاملے پر حکومت کو جواب دینا چاہیے، بل میں خامیاں ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، مسلم لیگ ن ہر بل کو دیکتھی ہے پھر حمایت کرتی ہے، بل شخصیت یا حکومت کیلئے نہیں بلکہ ہمیشہ کیلئے بنتے ہیں۔