راولپنڈی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی رہنماؤں نے کہا ہے کہ قیادت کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، نیب پہلے بھی کچھ ثابت کرسکا نہ اب کرسکے گا، دراڑیں پڑ گئیں، اتحادی چھوڑ کر جا رہے ہیں، حکومت کا جانا ٹھہر گیا، خان صاحب گالم گلوچ بریگیڈ کو لگام ڈالیں۔
قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا معاشی بحران بڑھتا جا رہا ہے، حکومتی اتحادی ان کو چھوڑ رہے ہیں، حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے، خان صاحب، اپنے گالی گلوچ بریگیڈ کو کنٹرول کریں، حکومت قوم کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے، بلاول کو جس کیس میں بلایا گیا اس کا پہلے جواب دے چکے ہیں، کسی کی خواہشوں کا جواب دینے کے پابند نہیں ہیں۔
نیئر بخاری کا کہنا تھا ہماری قیادت کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، نیب پہلے کچھ ثابت کرسکا نہ اب کرسکے گا، نوٹس بدنیتی پر مبنی ہے۔ چودھری منظور نے کہا ملک کا اصل ایشو مہنگائی ہے، چینی کی قیمت 86 روپے کلو کیوں ہے؟۔