راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ فوجی مشقیں الصمصام 7 سعودی عرب میں شروع ہو گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ فوجی مشقیں الصمصام 7 سعودی عرب میں شروع ہو گئی ہیں، الصمصام 7 مشقیں دو ہفتے تک جاری رہیں گی۔ مشقوں میں کامبیٹ پیٹرولنگ،بارودی سرنگیں تلف کرنےکی مشقیں ہونگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افتتاحی تقریب میں سعودی عرب کی بری افواج کے شمالی ریجن میجر جنرل صالح الزہرانی کے کمانڈر مہمان خصوصی تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بحرین کی مشترکہ فوجی مشقیں البدر 4 اختتام پذیر ہو گئی تھیں۔ مشقوں میں بارودی سرنگیں ناکارہ بنانے کامظاہرہ کیا گیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور بحرین کی مشترکہ فوجیں مشقیں البدر 4 اختتام پذیر ہو گئی ہیں، البدر 4 کا نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم سینٹر پبی میں انعقاد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں میں بحرین نیشنل گارڈز اور پاکستان کے سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) جوانوں نےحصہ لیا۔ 2 ہفتے جاری رہنے والی مشقوں میں انسداد دہشت گردی، کلیئرنس آپریشن کیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مشقوں کامبیٹ ایوی ایشن سپورٹ کا بھی مظاہرہ کیاگیا، مشقوں میں بارودی سرنگیں ناکارہ بنانے کامظاہرہ کیا گیا۔ مشقوں میں سنائپرکی مہارت بھی دکھائی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اختتامی تقریب میں بحرین کے جنرل عبدالرحمان شریک ہوئے، اختتامی تقریب میں سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے میجر جنرل ممتاز حسین شریک ہوئے۔