اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا رولز 2020 فوری معطل کرنے کی درخواست مسترد کر دی، وزارت آئی ٹی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی، وکیل جہانگیر خان جدون نے درخواست کی کہ حکومت کو نوٹس کر کے پوچھ لیا جائے کہ رولز کا کیا اسٹیٹس ہے، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا رولز 2020 پر عمل درآمد کے لئے نیشنل کوارڈینیٹر تعینات کیا جا رہا ہے جس کو اختیارات اتھارٹی سے بھی زیادہ دیئے گئے ہیں، کوارڈینیٹر کیسے تعینات ہو گا، اس کی تعلیم کیا ہو گی، کچھ پتہ نہیں، سوشل میڈیا رولز آئین سے متصادم ہیں۔
عدالت نے مذکورہ کیس کو پہلے سے زیر سماعت میڈیا کیس کے ساتھ مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سوشل میڈیا رولز 2020 فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی اور رولز معطل کرنے کی متفرق درخواست پر بھی فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔