نواز شریف کے پاکستان میں ٹیسٹ مشکوک، پنجاب حکومت تحقیقات کرے: فواد کا مطالبہ

Last Updated On 25 February,2020 11:39 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب میں نواز شریف کے میڈیکل ٹیسٹ رپورٹس کے معاملے پر وفاقی وزیر فواد چودھری نے انکوائری کروانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا پنجاب میں ٹیسٹ مشکوک تھے، پنجاب حکومت انکوائری کروائے۔

 وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ‏آخر نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس برطانیہ سے کیوں نہیں بھجوائی جا رہیں ؟ بظاہر اس کی ایک ہی وجہ ہے کہ برطانیہ میں ہونیوالے ٹسٹ پاکستان میں ہونیوالے میڈیکل ٹسٹ سے مختلف ہیں، برطانوی ڈاکٹر نواز شریف کو شدید بیمار قرار دینے سے ہچکچا رہے ہیں، ‏اس کا ایک مطلب ہے کہ پنجاب حکومت نے جو میڈیکل ٹسٹ کروائے وہ مشکوک تھے، پنجاب حکومت کو ایک انکوائری بٹھانی چاہئے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا انکوائری میں محکمہ صحت، لیبارٹری اور ڈاکٹرز کی شریف خاندان سے ملی بھگت کا جائزہ لیا جائے، عوام کے سامنے مکمل حقائق رکھے جائیں۔

ادھر پارلیمانی لاجز میں یوٹیلٹی سٹور کے معاملے پر تنقیدی خبر کے جواب میں فواد چودھری نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ یوٹیلٹی سٹور شروع سے پیپلز پارٹی کے دور سے پارلیمنٹ لاجز میں موجود ہے، بند اس لئے نہیں کیا کہ وزارات صنعت کے مطابق اس سہولت سے لاجز میں متعین سرکاری ملازمین، ڈرائیورز، سیکرٹریٹ کے ملازمین اور دیگر کم آمدنی والے لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں، ہر وقت تنقید کے موڈ میں رہنا صحت کیلئے اچھا نہیں۔

 

Advertisement