اسلام آباد: (دنیا نیوز) اٹارنی جنرل اور وزارت قانون میں قانونی جنگ شروع ہوگئی۔ اٹارنی جنرل آفس نے گزشتہ روز بھرتیوں سے متعلق غلط خبر پر وزیر قانون کو خط لکھا جس پر وزیر قانون برہم ہوگئے اور اٹارنی جنرل کو حقائق اور قانون سے نابلد قرار دے دیا۔
وزارت قانون کے مطابق خالد جاوید نے حقائق اور ضابطے جانے بغیر وزیر قانون کو خط لکھا، وزارت قانون نے نئے لاآفیسرز کی بھرتیوں سے متعلق کوئی اقدام نہیں اٹھایا، اگر نئی بھرتیاں کرنی ہوں تو یہ اختیار وزارت قانون کا ہی ہے، بے بنیاد خبر لگانے پر اخبار کو بھی نوٹس بھجوایا جائے گا۔
خیال رہے گزشتہ روز وزیر قانون فروغ نسیم نے اٹارنی جنرل کو اپنا بھائی قرار دیا تھا اور کہا تھا خالد جاوید کی بطور اٹارنی جنرل تعیناتی پر کوئی تحفظات نہیں لیکن آج ان کو حقائق اور قانون سے نابلد قرار دے دیا۔