اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹرمپ کیلئے بھارت سے مسئلہ کشمیر اٹھانے کا سنہری موقع ہے، امید ہے وہ نریندر مودی سے دیرینہ مسئلے پر بات کریں گے، مقبوضہ وادی میں صورتحال خوفناک، بھارت زیادہ دیر تک کشمیریوں کی آواز نہیں دبا سکتا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں خطے کے معاملات، کشمیر کی صوتحال اور افغان مفاہمتی عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے حالیہ دورہ پاکستان کی کامیابی پر وزیرخارجہ کو مبارک دی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا 7 سال کے بعد سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا دورہ پاکستان اقوام عالم کے اعتماد کا مظہر ہے، مسئلہ کشمیر پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے مصالحت کی پیشکش خوش آئند ہے۔