ٹرمپ کا دورہ، بھارت کی عالمی رسوائی کا باعث بن گیا

Last Updated On 26 February,2020 09:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) امریکی صدر کا دورہ مودی اور بھارت کی عالمی رسوائی کا باعث بن گیا، پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ کے میزبان کے مطابق نریندر مودی کا غرور اور تکبر خاک میں مل گیا، ٹرمپ کی موجودگی میں دلی میں خون کی ہولی کھیلی گئی، حالات اس حد تک خراب ہوئے کہ کرفیو لگانا پڑا، صورتحال بھارت کے ہاتھ سے نکلتی نظر آرہی ہے، دلی سے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ صدر ٹرمپ نے پیر کو وزیر اعظم عمران خان کی شان میں قصیدے پڑھے تھے اور منگل کو بھی عمران خان کو مودی کا ہم پلہ دوست قرار دے دیا۔ بھارتی میڈیا نے اپنی عادت کے مطابق ہٹ دھرمی دکھائی اور صدر ٹرمپ سے پاکستان مخالف بیان دلوانے کی سرتوڑ کوشش کی لیکن امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل پر زور دیکر ان کا منہ بند کر دیا۔

پروگرام کے دوسرے حصے میں پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے میڈیکل بورڈ کی رائے ہے کہ نواز شریف جس حالت میں بیرون ملک گئے تھے اس میں بہتری آئی ہے، ان کے پلیٹ لیٹس 50 ہزار تک مستحکم ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب جو مرضی کہے نواز شریف کا جب علاج ہوگا اور ان کی صحت ٹھیک ہوگی تو وہ خود واپس آجائیں گے۔ کسی کو کہنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، شہباز شریف میاں صاحب کے علاج کی وجہ سے وہاں ہیں وہ بھی جلد آجائیں گے۔