کرونا وائرس کو روکنے کا مشن، پاک ایران بارڈر چوتھے روز بھی بند

Last Updated On 26 February,2020 12:33 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) ایران اور افغانستان میں کرونا وائرس کی موجودگی کے بعد بلوچستان میں بھی خطرات کے پیش نظر پاک ایران سرحد آج چوتھے روز بھی مکمل طورپربند رہی تاہم ایرانی باشندوں کو واپسی کی اجازت دے دی گئی۔ ایران سے ملحقہ اضلاع میں ایمرجنسی تاحال برقرار ہے۔

 ایران سے ملحقہ سرحدی علاقے تفتان، گوادر، کیچ، نوشکی، پنجگور میں ایمرجنسی نافذ ہے، تمام ڈپٹی کمشنرز کو سرحدی علاقوں میں غیر قانونی آنے اور جانے والے راستوں پر بھی مکمل نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، صوبے میں کرونا وائرس سے متعلق 5 کمیٹیاں بنانے کے ساتھ ٹاسک فورس بھی تشکیل دی گئی ہے۔

دوسری جانب حکومت بلوچستان نے وفاقی حکومت سمیت عالمی ادارہ صحت اور تنظیموں سے ہنگامی بنیادوں پر مدد کی اپیل کی ہے، حکومت بلوچستان کے مطابق ہمسایہ ممالک سے بلوچستان اور پاکستان میں کرونا وائرس کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے طبی آلات سمیت ماہرین کی فوری ضرورت ہے۔

 

Advertisement