ایف آئی اے کا فراڈ کرنیوالے قومی بچت پروگرام کے افسران کیخلاف مقدمہ درج

Last Updated On 26 February,2020 12:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے نے قومی بچت پروگرام میں کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے افسران سمیت چار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، خود کو وفاقی وزیر برائے توانائی ظاہر کر کے پارلیمنٹیرینز کو لاکھوں روپے کا چونا لگانے والے 2 نوسر باز بھی گرفتار کر لئے گئے۔

ایف آئی اے کا نوسر بازوں اور فراڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے قومی بچت پروگرام کے افسران اور سیکورٹی گارڈ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزمان قومی بچت پروگرام میں عوام کی جمع رقم سے 2 کروڑ سے زائد ہڑپ کر گئے، ملزمان کے بعض کھاتہ داروں کے جعلی دستخط کیے اور متعدد متعدد کلائنٹس سے نئے بچت سرٹیفکیٹس اجراء کے نام پردستخط لئے۔

ملزمان سجاد احمد، طارق نیازی، کیشیئر جنید احمد اور سیکورٹی گارڈ محمد جنید محکمانہ انکوائری میں مجرم قرار دیئے گئے جس کے بعد قومی بچت پروگرام کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی ظاہر کر کے پارلیمنٹیرینز کو چونا لگانے والے دو نوسرباز بھی گرفتار کر لئے گئے ہیں، ملزم محمد عدنان ساتھی محمد ایوب کے ساتھ مل کر متعدد پارلیمنٹیرینز سے مختلف اداروں، افراد کی مدد کے نام پر لاکھوں روپے وصول کرتے رہے۔ ملزمان وفاقی وزیر توانائی بن کر حال ہی میں ایک پارلیمنٹیرین سے 5 لاکھ 70 ہزار روپے وصول کیے، تفتیش کے دوران ملزمان کی جانب سے مزید اہم انکشافات کیے جانے کا امکان ہے۔