اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے عمران خان سے وعدے کے مطابق مودی سے کشمیر کی بات کی، بھارتی میڈیا نے امریکی صدر کی پریس کانفرنس کو اپنے مقاصد میں استعمال کرنے کی کوشش کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ بھارت میں مسلمان عدم تحفظ کا شکار ہیں، دو روز میں دہلی میں 10 سے زیادہ اموات، مسلمانوں کی املاک نذرآتش کر دی گئیں، دنیا کو اس صورت حال کا فوری نوٹس لینا چاہئے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا صدر ٹرمپ نے واضح کہا کہ عمران خان ان کے دوست ہیں، امریکی صدر نے کہا پاکستان نے بہترین حکمت عملی سے دہشتگردی کو شکست دی، صدر ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کیے وعدے کے مطابق کشمیر سے متعلق بات کی، انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال، اس پر عالمی ردعمل کو پیش نظر رکھا، صدر ٹرمپ کی طرف سے ایک بار پھر ثالثی کی پیش کش، بھارتی بیانیے کی نفی ہے۔