لندن: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کی زندگی پاکستانی عوام کی امانت ہے، اس میں کسی کو خیانت نہیں کرنے دیں گے۔ ان کی صحت کا ہر ممکن خیال رکھ رہے ہیں، ان کا علاج اولین ترجیح ہے، اللہ تعالی مہربانی فرمائیں گے۔
شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا کہ وہ نواز شریف کو بسترعلاج سے جیل میں قید کرنا چاہتے ہیں۔ وہ حسد اور انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں۔ وہ اپنے سیاسی مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں جیل بھیج کر خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ شخص اپنی سیاہ کاریوں کے انجام سے ڈر کر شتر مرغ کی طرح ریت میں سر چھپا کر محفوظ ہونا چاہتا ہے۔ اپنی ذات کے لئے جینے والا خود غرض نہ کسی کو عزت دے سکتا ہے اور نہ ہی انسانی رشتوں کے تقدس سے آشنا ہے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 20 کروڑ پاکستانیوں کی جیب کاٹنے والے ظالم نے غریب عوام کے چولہے بند کرا دئیے ہیں۔ آٹا چوروں کے ساتھ مل کر غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا گیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کرپٹ اور خوفزدہ شخص نے پاکستان کو دیوالیہ اور کنگال کر دیا ہے۔ کارخانے بند اور دکانوں پر تالے لگوا دئیے گئے ہیں۔ ایسے قومی مجرموں کے انجام کی مثالوں سے تاریخ بھری پڑی ہے۔ عمران خان کے غیر قانونی، غیر انسانی اور ذاتی دشمنی پر مبنی اقدامات کے خلاف عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ میری والدہ اور پورے خاندان کی طرف سے نواز شریف کی صحت کے لئے اہل پاکستان سے دعا کی درخواست ہے۔