راولپنڈی: (دنیا نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ خطے میں جنگ چھڑی تو اس کے خطرناک نتائج نکلیں گے، 2 نیوکلیئر طاقتوں کی جنگ میں ناقابل تلافی نقصان ہوگا، ہماری کوشش ہے کہ امن کا راستہ اپنایا جائے، ہم ہر وقت تیار ہیں، ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا عوام اور پاک فوج نے ہر مشکل کا بہادری سے مقابلہ کیا، بھارت نے بغیر کسی ثبوت پاکستان پر الزامات لگائے، پاکستان نے ذمہ دار ملک کے طور پر ہر قسم کی تحقیقات کی پیشکش کی، ہمیں سرپرائز دینے والا دشمن خود ناکام ہو کر واپس لوٹ گیا، بھارت نے بوکھلاہٹ میں اپنا ہیلی کاپٹر بھی مار گرایا۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا سرحدوں کا کامیاب دفاع کیا اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا، شہدا کے ورثا کو سلام پیش کرتے ہیں، تمام غازیوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج کا دن یوم تشکر ہے اور یوم عزم بھی۔ انہوں نے کہا بھارتی بیانات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں، بھارت کی دفاعی تیاریوں پر نظر ہے، پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، بھارت نے کوئی جارحیت کی تو بھرپور جواب دیں گے۔
ایل او سی پر بھارتی شر انگیزیوں پر بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ایل اوسی پر بھارت کی شرانگیزیوں میں بے پناہ اضافہ ہوا، ایل او سی پر سب سے زیادہ جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزی ہوئی، بھارت نے سکول جانے والے معصوم بچوں کو بھی نشانہ بنایا، ہم اپنے ہدف اور بھارت شہریوں کو نشانہ بناتا ہے، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن کو نقصان اٹھانا پڑا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا آپریشن ردالفساد کو 3 سال مکمل ہوچکے، دہشتگردوں سے 46 ہزار کلومیٹر علاقہ کلیئر کرایا گیا، ہم نے اس کامیابی کی بڑی قیمت ادا کی، 20 سال سے قوم اور افواج پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد آپریشنز ہوئے، 17 ہزار دہشتگرد ان آپریشنز میں مارے گئے، ایک ہزار سے زائد القاعدہ کے دہشتگرد پکڑے اور مارے گئے۔
مسئلہ کشمیر پر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کے حالات سے پوری دنیا واقف ہے، حکومت نے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کیا، مسئلہ کشمیر کو اب فلیش پوائنٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف قدم بڑھ رہے ہیں، عالمی سربراہان نے کشمیر کے معاملے پر برملا اظہار کیا، کشمیر کا حل ہماری قومی سلامتی کا ضامن ہے، تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہمسایہ ملک میں اقلیتیں اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں، اپنے جھنڈے کے سفید رنگ کو نہایت احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا امریکا طالبان مذاکرات میں تعطل کی کوئی خبر نہیں، پاکستان سے زیادہ افغان امن کا خواہاں اور کوئی نہیں ہوگا، امریکا طالبان مذاکرات کے اچھے نتائج نکلیں گے۔
27 Feb commemorates resolve of Pakistan Armed Forces against any aggression. The way we responded on this day is a proof that any misadventure by enemies of Pakistan will always be defeated. Our adversaries will be surprised with our bold responses every time.#SurpriseDay
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) February 27, 2020
قبل ازیں ترجمان پاک فوج نے ہیش ٹیگ سرپرائز ڈے کے ساتھ ٹویٹ کیا اور کہا 27 فروری جارحیت کیخلاف پاک فوج کے عزم کا دن ہے، دشمن سمجھ لے پاکستان جارحانہ عزائم کا جواب دے گا، 27 فروری کو دشمن کی جارحیت کا جواب اس کی زندہ مثال ہے، ہمارا دلیرانہ جواب ہر بار دشمن کو حیران کر دے گا، دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
DG ISPR Press Conference - 27 Feb 2020 https://t.co/ER37LON2K8
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) February 27, 2020