لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی بینکنگ عدالت نے شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے دیا اور جائیداد نیلامی کے لیے 27 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی۔
نجی بینک کا قرض واپس نہ کرنے پر لاہور کی بینکنگ عدالت نے شہباز شریف کے داماد کی جائیداد نیلامی کا حکم دیا۔ بینکنگ کورٹ نمبر 4 نے جائیداد نیلامی کے لیے اشتہار جاری کر دیا۔ بینکنگ کورٹ نے نجی بینک کے دعوے کو منظور کرتے ہوئے احکامات جاری کیے۔
بینک نے موقف اختیار کیا تھا کہ شہباز شریف کے داماد نے بینک سے 2 کروڑ 54 لاکھ قرض لیا لیکن قرض واپس نہیں کیا گیا، عمران علی یوسف نے 240 قسطیں ادا کرنی تھیں لیکن 120 قسطیں ادا کی گئی، عمران علی یوسف کو متعدد بار آگاہ کیا گیا لیکن ان کی جانب سے مکمل قرض کی رقم واپس نہیں کی گئی۔ عدالت نے شہباز شریف کے داماد کا ڈیفنس میں گھر اور کمرشل پراپرٹی کو نیلام کرنے کا حکم دیا۔
عمران علی یوسف کے خلاف 2 کروڑ، 6 لاکھ کی ڈگری جاری ہوئی۔ بینک کی جانب سے ان کے وکیل احسن مسعود نے دلائل دیئے اور کیس ثابت کیا۔ بینکنگ عدالت نے شہباز شریف کے داماد کی جائیداد نیلامی کے لیے 27 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔