تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبے سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے: ڈاکٹر نفیسہ شاہ

Last Updated On 01 March,2020 02:41 pm

ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبے سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے ملتان کے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومت بنانے میں جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی نے کردار ادا کیا اور اس حکومت نے ڈیرہ غازی خان کا ائیرپورٹ ہی نان فنکشنل کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر ملک میں موجود نہیں، اصل اپوزیشن بلاول بھٹو ہی کر رہے ہیں۔ ملکی تاریخ کے سب سے نااہل وزیر شیخ رشید ہیں جو کسی بھی ٹرین حادثہ کے بعد عوام کے زخموں پر نمک چھڑکتے ہیں۔ اگر ریلوے کو بچانا ہے تو شیخ رشید کو گھر بھیجنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے ٹریک پر پھاٹک بنانا صوبائی حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ریلوے کا کام ہے۔ شیخ رشید نے ایم ایل ون کے منصوبہ کی تعمیری لاگت بھی بڑھا دی ہے اور اس منصوبہ کے فیز ون سے جنوبی پنجاب کو بھی نکال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں زراعت مفلوج ہو چکی ہے، غریب آدمی مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہے۔ تازہ گیلپ سروے کے مطابق عوام حکومت سے چھٹکارہ چاہتی ہے، پہلے حکومتی جماعت کا بیانیہ تھا کہ کرپشن کی وجہ سے حکومتیں قرضہ لیتی ہیں اور اب ریکارڈ قرضے تحریک انصاف خود حاصل کر رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ اب سب ہی نیب کے طریقہ کار پر تنقید کر رہے ہیں، یورپی یونین کی ایک رپورٹ میں بھی نیب پر تنقید کی گئی ہے۔ انکا کہنا تھا کے پیپلز پارٹی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو رد کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے مزید کمی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ انکا کہنا تھا کے اس حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہزاروں میڈیا ورکرز بے روزگار ہوئے ہیں۔