نوشہرو فیروز: (دنیا نیوز) نوشہرو فیروز میں رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، پولیس نے ایک خاتون کو گرفتار کرلیا، دیگر ملزمان کی تلاش کیلئے پولیس کارروائیاں جاری ہیں، رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنازہ آبائی علاقے میں ادا کردی گئی۔
نوشہرو فیروز میں رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کا قتل، واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس نے کارروائی کے دوران ایک خاتون کو حراست میں لے لیا۔ قتل میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ادھر رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنارہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی جس میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
گذشتہ روز نوشہرو فیروز کے علاقے دریا خان مری میں پیپلزپارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کو تین گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق شہناز انصاری بہنوئی کے چہلم میں گئی تھیں۔ ان کی بہن کا اپنے دیور سے زمین کے تنازعے پر جھگڑا چل رہا تھا، شہناز انصاری کو بہن کے دیور کے بیٹے وقار نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔
وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی، بلاول بھٹو نے بھی شدید مذمت کی۔