اسلام آباد: (دنیا نیوز) جرمنی میں پاکستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
وزیر خارجہ نے ڈاکٹر محمد فیصل کو سفیر جرمنی تعیناتی پر مبارکباد دی اور بطور ترجمان وزارت خارجہ ان کی کارگردگی کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے نامزد سفیر کو پاکستان کی خارجہ پالیسی ترجیحات کے حوالے سے اہم ہدایات دیں۔ وزیر خارجہ نے نامزد سفیر کو جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات دیں۔
وزیر خارجہ نے نامزد سفیر جرمنی سے کہا کہ آپ ایسے وقت میں بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں، جب پاکستان کو سفارتی محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
نامزد سفیر جرمنی ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔