سکالرشپ پروگرام میرٹ پر دیئے جائیں گے، کسی کی مداخلت نہیں ہوگی: وزیراعظم

Last Updated On 02 March,2020 08:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سکالرشپ پروگرام میرٹ پر دیئے جائیں گے، کسی کی مداخلت نہیں ہوگی۔ اس سکالرشپ پروگرام سے بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

احساس سکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے فنڈز بڑھائے جائیں گے جبکہ ہر سال پچاس ہزار سکالر شپ دیے جائیں گے۔ جیسے جیسے وسائل بڑھتے جائیں گے، سکالرشپ پروگرام میں اضافہ ہوتا جائے گا۔ نوجوان ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کو اچھی تعلیم اور ہنر بھی سکھائیں گے۔

ہم مدینہ منورہ کے ماڈل کی طرف جا رہے ہیں۔ غریب لوگوں کو عدالتوں سے مفت انصاف دلوائیں گے۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 60 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دے چکے ہیں۔ اس ہیلتھ کارڈ سے کسی بھی ہسپتال سے علاج کرایا جا سکتا ہے جبکہ غریبوں کے لیے پناہ گاہوں میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔

معاشرہ تب ہی مہذب کہلاتا ہے جس میں غریب کا احساس کیا جائے۔ مدینہ کی ریاست نے کمزورطبقے کی ذمہ داری لی۔ ریاست مدینہ کی اصل روح احساس کی تھی لیکن ہمارے ملک میں چھوٹے سے طبقے کو تمام سہولیات ملتی ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ جو لوگ معاشرے سے پیچھے رہ گئے ان کو اوپر لائیں۔
 

Advertisement