ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پوری امت مسلمہ دلی فسادات کی مذمت کر رہی ہے۔ عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام کا نوٹس لے۔
ملتان میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا طالبان امن معاہدے کے بعد قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر پیش رفت ہو رہی ہے۔
انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہتمام اراکین اسمبلی کی خواہش ہے جنوبی پنجاب جلد از جلد فعال ہو۔ وزیراعلیٰ کے زیر صدارت اجلاس میں تمام جماعتوں سے بات کرنے پر اتفاق ہوا۔ کچھ لوگ بہاولپور اور کچھ ملتان میں سیکریٹریٹ بنوانا چاہتے ہیں۔ اجلاس کے دوران مذاق میں کہا گیا کہ سیکریٹریٹ تونسہ شریف میں بنا دیں۔ تاہم سیکریٹریٹ کے صدر مقام پر اتفاق نہیں ہو پایا۔ وزیراعظم اگلے ہفتے جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ سے متعلق اجلاس بلا رہے ہیں۔
ادھر خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کیلئے برسر پیکار کشمیری خواتین کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں یوم خواتین کے موقع پر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ مختلف شعبہ جات میں خواتین کی گرانقدر خدمات کو سراہا جائے اور آگے بڑھنے کے لیے یکساں مواقع مہیا کرنے کا تہیہ کریں۔