اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک پر گردشی قرضے کے اعدادوشمار کے حوالے سے نیپرا اور وزارت توانائی آمنے سامنے آ گئے، ایک دوسرے کے اعداد وشمار کو غلط قرار دے دیا، مشیر پٹرولیم آج حقائق سے پردہ اٹھائیں گے۔
وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ماہانہ 10 سے 12 ارب روپے گردشی قرض بڑھ رہا ہے اور اس وقت 18سو ارب روپے کا گردشی قرض ہے جبکہ دوسری طرف چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا ہے کہ وزارت توانائی معاملہ پر غلط بیانی کر رہی ہے، حقیقت میں گردشی قرض 40 سے 42 ارب روپے ماہانہ اور 19سو ارب سے زیادہ ہو چکا ہے۔
چیئرمین نیپرا اور وزارت توانائی میں معاملہ شدت اختیار کرنے پر حکومت نے وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کو حقائق جاننے کا خصوصی ٹاسک سونپا مگر انہوں نے ہاتھ کھڑے کر دیئے جس کے بعد سچائی جاننے کی ذمہ داری مشیر پٹرولیم ندیم بابر کے کندھوں پر ڈال دی گئی۔