اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ضمانت قبل از گرفتاری کی تشریح پر مبنی بڑا فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ضمانت قبل از گرفتاری کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں، ضمانت قبل ازگرفتاری خصوصی رعایت ہے جو ہر ملزم کو نہیں مل سکتی۔
سیکرٹری یونین کونسل جمشید ٹائون کراچی غلام فاروق کی درخواست ضمانت پر جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بے گناہوں کو گرفتاری سے بچانے کیلئے عدالتی فیصلے میں خصوصی گنجائش پیدا کی گئی، خصوصی گنجائش کا مقصد بے گناہ انسانوں کی تذلیل کو روکنا تھا، بادی النظر میں شواہد موجود ہوں تو ضمانت قبل ازگرفتاری نہیں ہو سکتی، ملزمان کی عدم گرفتاری سے شواہد ضائع بھی ہو سکتے ہیں۔
ملزم غلام فاروق چنا پر خاتون کے جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنانے کا الزام تھا، فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے ذریعے خاتون کی قیمتی اراضی ہتھیائی گئی، لہذا ملزم ضمانت قبل ازگرفتاری کی رعایت کا مستحق نہیں۔